ابنا: رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی آج صبح جوتھے صوبائی دورے پر صوبہ ایلام پہنچے جہاں انھوں نے صوبہ ایلام میں ایک عظیم عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ایران بیرونی اور خارجی محاذ پر کامیاب اور سربلند ہے اور ایران کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات بھی ہمیشہ کی نسبت دوستانہ اور خوشگوار ہیں۔ صدر حسن روحانی نے آٹھ سالہ دفاع مقدس میں ایلام کے عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایلام کے عوام نے آٹھ سالہ دفاع مقدس میں پائداری اور استقامت کے ساتھ ملکی سرزمین کا دفاع کیا۔
صدرحسن روحانی نے کہا کہ عالمی سطح پر ہمارا راستہ تعمیری گفتگو اور مذاکرات پر استوار ہے اور ہم عزت ، حکمت اور مصلحت کے تین اصولوں کے دائر ے میں رہ کر دنیا کے ساتھ روابط کو فروغ دینے کی راہ پر یقین رکھتے ہیں۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ آج ہمارے روابط عراق اور دوسرے ہمسایہ ممالک کے ساتھ ہمیشہ کی نسبت خوشگوار ، دوستانہ اور برادرانہ ہیں۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ گروپ1+5 کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور مذاکرات میں ملکی اور ایرانی قوم کے مفادات اور حقوق کے حصول کی تلاش و کوشش کی جائے گی آج عالمی برادری ہمارے تعاون سے مطمئن ہے اور سبھی جانتے ہیں کہ ایران ایٹمی ہتھیاروں کی تلاش میں نہیں ہے۔ آج ایران عالمی سطح پر سرافراز ، سربلند اور کامیاب ہے، داخلی سطح پر بھی ہم صحت و سلامتی کے امور پر عوام کے لئے سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور اس سلسلے میں وزارت صحت کے اہلکاروں کو واضح ہدایات دیدی گئی ہیں۔
.......
/169